Posted on Leave a comment

جامعہ صفیہ الاسلامیہ پربتی پور ، مرشد آباد ، مغربی بنگال

. جامعہ صفیہ الاسلامیہ کا افتتاحی پروگرام

▪️▪️▪️▪️▪️▪️▪️▪️▪️▪️
✒️ مفیض الدین بخاری

مؤرخہ 8 جنوری 2023ء بروز اتوار بوقت صبح ساڑھے نو بجے عالیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والا ادارہ جامعہ صفیہ الاسلامیہ پربتی پور، کاندی، مرشد آباد، مغربی بنگال کا افتتاحی پروگرام نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ وقتِ مقررہ پر پروگرام کا آغاز فضیلۃ الشیخ حافظ حیات اللہ حفظہ اللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور فضیلۃ الشیخ خوشبو الرحمن حفظہ اللہ نے چند اشعار کے ذریعہ شان رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیے بعدہ عالیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے روح رواں فضیلۃ الشیخ انعام الحق مدنی حفظہ اللہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور ادارہ کی تاسیس کے عزائم و مقاصد کو تفصیل کے ساتھ بیان کیے۔
اس افتتاحی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی فضیلۃ الشیخ شبیر احمد مدنی حفظہ اللہ اور راقم الحروف مدعو تھے، شیخ شبیر احمد مدنی حفظہ اللہ نے تعلیم نسواں کی اہمیت کی خوب وضاحت کی اور اس کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ والدین میں باپ خود تعلیم یافتہ ہو سکتا ہے لیکن ماں ایک قوم کو تعلیم و تربیت سے آراستہ و پیراستہ کر سکتی ہے اس لیے اپنی بچیوں کو تعلیم دے کر اپنی قوم کو علم سے منور کرنے والا بنیں۔ اور راقم الحروف نے سماج و معاشرہ کے عوام و خواص سے ان کی ان ذمہ داریوں کا احساس دلایا جو ان پر لابدی ہیں چنانچہ اس ضمن میں بتایا گیا کہ اولاد کے مابین فکری عدم توازن یعنی صرف بچے کو تعلیم کے لیے آگے بڑھانا اور اس کے لیے مختلف النوع پریشانیاں اٹھانا اور بچیوں کو تعلیم سے محروم کرنا، ان کے حق میں کوتاہی سے کام لینا اور اس کے مستقبل کی بلندی کے لیے خصوصی توجہات ‌مبذول نہ کرنا غیر منصفانہ عمل ہے۔
پھر پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے قرب و جوار و دور دراز علاقوں سے تشریف فرما مہمانان عظام یکے بعد دیگرے آئے اور تعلیم نسواں کی اہمیت، ضرورت اور اس کے افادیت کے متعلق مفید مشورے و قیمتی پندو نصائح پیش کیں اور سماج و معاشرہ کے عوام و خواص سے اپنی بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرنے کی ترغیب دلائی نیز سماج و معاشرہ میں آئے دن در پیش ان تمام دینی مسائل پر بات چیت ہوئی جن میں بہ نسبت مردوں کے عورتیں کو معرفت ہونی چاہئے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ان کے پاس قرآن وحدیث کے صحیح علم ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں ماہر ہوں۔
پروگرام میں بحیثیت مہمان فضیلۃ الشیخ مساند الاسلام صاحب، فضیلۃ الشیخ افضل حسین اصلاحی، فضیلۃ الشیخ سلیمان‌ حسین مفتاحی، فضیلۃ الشیخ عبد الحکیم سلفی، فضیلۃ الشیخ ابراہیم سلفی، فضیلۃ الشیخ قمر الاسلام صاحب، فضیلۃ الشیخ احمد علی صاحب، ماسٹر عبد الغفار حفظہم اللہ موجود تھے۔ جنہوں نے اس دینی ادارہ کی تاسیس کے بعد اسے پورے نظم و ضبط کے ساتھ چلانے، اور اس کے انتظام و انصرام کی بحسن و خوبی انجام دہی جیسے مشکل امر کیلئے کمر بستہ ہونے کی بابت خوب سے خوب تر حوصلہ افزائی کی۔
اخیر میں پروگرام کے روح رواں فضیلۃ الشیخ انعام الحق مدنی حفظہ اللہ نے پروگرام میں شریک تمام علماء کرام و سامعین حضرات سے گذارش کی کہ دینی درسگاہ کی شکل میں اس مبارک شجر کو سینچنے و سنوارنے، روز افزوں اسے ترقی پزیر ہونے نیز اسکے برگ وبار سے قوم کو مستفید ہونے میں بالخصوص تمام علماء کرام اور بالعموم تمام اخوان دامے درمے سخنے قدمے ہمارا ساتھ دیں۔
ا س طرح بفضل للہ تعالی پروگرام بحسن وخوبی اپنے اختتام کو پہنچا اور جامعہ صفیہ الاسلامیہ کے رئیس ومؤسس فضیلۃ الشیخ انعام الحق مدنی حفظہ اللہ نے رب کریم اور تمام مہمانان عظام وسامعین کرام کے شکریہ کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس ٹرسٹ ہذا کے چیئرمین حفظہ اللہ کی حیات دراز کرے، بصحت وعافیت رکھے اور اس ادارے کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے آمین۔